نئی دہلی29مئی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)ایشیائی کھیلوں کے طلائی تمغہ ہولڈر چکہ پھینک کھلاڑی سیما پونیا نے آج امریکہ کے سالناس(کیلی فورنیا)میں پیٹ ینگس تھرورس کلاسک 2016مقابلہ میں 62.62میٹر کی کوشش سے سونے کا تمغہ جیتتے ہوئے ریو اولمپکس کے لئے کوالیفائی کیا ۔32سالہ سیما نے ہارٹنیل کالج تھرورس احاطے میں سیشن کی اپنی بہترین کوشش 62.62میٹر سے ریو کھیلوں کے کوالیفکیشن مارک 61.00بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے مقابلہ میں طلائی تمغہ جیتا اور اس عمل میں انہوں نے امریکہ کی 2008اولمپک چکہ پھینک چمپئن اسٹیفن براؤن-ٹریفٹن کو پہلے مقام پر پیچھے چھوڑ دیا۔اس طرح سیما اپنے تیسرے اولمپک کھیلوں میں حصہ لیں گی۔انہوں نے اس سے پہلے 2004اور 2012اولمپکس کے لئے کوالیفائی کیا تھا لیکن دونوں ہی موقعوں پر وہ کوالیفکیشن راؤنڈ سے آگے بڑھنے میں ناکام رہی تھیں۔سیما’’ٹارگٹ اولمپک پوڈیم‘‘منصوبہ بندی کے تحت وزارت کھیل کی طرف سے مہیا کرائے جا رہے فنڈ سے امریکہ میں ٹریننگ کر رہی ہیں۔اس کھلاڑی نے 61.03میٹر کے تھرو سے چین کے گواگجھو میں 2014ایشیائی کھیلوں کا طلائی تمغہ جیتا تھا۔انہوں نے 2014گلاسگو دولت مشترکہ کھیلوں میں 61.61میٹر کے کوشش سے چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ہریانہ کے اس کھلاڑی کی ذاتی بہترین کارکردگی 64.84میٹر ہے جو انہوں نے 2004میں کی تھی۔انہوں نے 2006میلبورن دولت مشترکہ کھیلوں میں چاندی کے علاوہ 2010دہلی دولت مشترکہ کھیلوں میں کانسہ اپنے نام کیا تھا۔وہ کیریئر میں 10بار 61.00میٹر سے اوپر کی کوشش کر چکی ہیں۔